سرکاری ہسپتالوں کی متعدد نرسیں میٹرنٹی چھٹیوں سے محروم

October 16, 2018

پشاور(جنرل رپورٹر)سرکاری ہسپتالوں میں ملازمت کرنے والی بیشتر نرسز انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کے باعث میٹرنٹی چھٹیوں سے محروم ہوگئیں ،بیماری کی حالت میں بھی ڈیوٹی دینے کے باوجود میٹرن آفس اور انتظامیہ کے عدم تعاون کی وجہ سے کئی نرسیں اپنی 45دن کی میٹرنٹی چھٹیوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں جبکہ نرسنگ تنظیمیں اور ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ اس مسئلے کے حل میں ناکام ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈیلیوری کے بعد نرسز کو تین ماہ کی چھٹی دی جاتی تھی لیکن اب45دن ڈیلیوری سے پہلے اور45دن بعد میں چھٹی رکھی گئی ہے جس کا بیشتر نرسز کو علم ہی نہیں ہے کیونکہ تمام آرڈرز فائلوں تک ہی محدود رکھے جاتے ہیں ، سرکاری ہسپتالوں جن میں مولوی امیر شاہ ہسپتال بھی شامل ہے میں ڈیو ٹی دینے والی حاملہ نرسوں کے علاج اور مشکلات پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی بلکہ ان کی میٹرنٹی چھٹیوں پر بھی ڈاکہ ماراجاتا ہے، ہسپتال کی دونرسوں نے الزام لگایا ہے کہ میٹرن آفس کے عدم تعاون کی وجہ سے ان کی 45چھٹیاں ہڑ پ کرلی گئیں ہے ۔