محمد رفیع کا اساتذہ کی عدالت میں پیشی سے کوئی لینا دینا نہیں، ذرائع

October 18, 2018

اسلام آباد(رپورٹ:وسیم عباسی) پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر کو ہتھکڑی لگانے کے ایشو پر نیب کی جانب سے معطل ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد رفیع کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رفیع کا اساتذہ کی عدالت میں پیشی سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔ لیکن افسران بالا کو بچانے کے لئے انہیں قربانی کا بکرا بنایا گیا۔ افسر کے قریبی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ معطل ایڈیشنل ڈائریکٹر نے اساتذہ کو ہتھکڑی لگانے کا حکم دیا اور نہ ہی وہ ان کے ساتھ عدالت گئے۔ ملزمان کی عدالت میں پیشی کا ذمہ دار نیب کا انٹیلی جنس سیل اور علاقہ ایس ایچ او ہوتا ہے۔جبکہ پروٹوکول اسکورٹ تفتیشی افسر کے ساتھ عدالت جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد رفیع جو کیس آفیسر تھے، ان کا بہترین افسران میں شمار ہوتا ہے۔ انہیں تین بار صدارتی ایوارڈز سے نوازا گیا۔