آرٹس کونسل کا اپنی پروڈکشن شروع کرنے کا فیصلہ

October 19, 2018

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی نے فیصلہ کیاہے کہ انور مقصود کے ڈرامے سے آرٹس کونسل جنوری میں اپنی پروڈکشن شروع کرے گی۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی زیر صدارت گوننگ باڈی کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا جس میں آرٹس کونسل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ۔

جنوری میں پروڈکشن کا کام شروع کرنے اور انور مقصود کے ڈرامے ’مجھے کیو ں نکالا ‘ کو سندھ تھیٹر فیسٹیول میں دو روز تک 10 اور 11 نومبر کو صرف ممبران کے لیے پیش کیا جائے گا ۔

اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ آرٹس کونسل میں ٹی وی کے لیے بھی پروڈکشن کا کام شروع کیا جائے گا جس سے کونسل کی آمدنی میں اضافہ ہوگا جبکہ ممبر شپ فیس کی تجدید 10 نومبر تک ہوگی ۔

ممبران کے لیے نئی آرٹس کونسل میں گارڈن ریسٹورنٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جو جاری منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی کھول دیا جائے گا۔

گورننگ باڈی اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فائن اینڈ پرفارمنگ آرٹ یونیورسٹی کے لئے ایجوکیشن سٹی میں زمین حاصل کی جائے جبکہ اس سے قبل آرٹس کونسل اکیڈمی میں انفرااسٹرکچر مضبوط کرنے اور فیکلٹی ممبر میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔

آرٹس کونسل اکیڈمی کے حوالے سے گورننگ باڈی کو اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ اس وقت آرٹس کونسل اکیڈمی میں 300 سے زائد طالب علم تعلیم حاصل کررہے ہیںجبکہ 14 نئے اساتذہ کا تقررعمل میں لایا گیا ہے، ضرورت پڑنے پر مزید فیکلٹی کا تقرر کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عشرت حسین کی صدارت میں قائم بورڈ آف گورنر اس اکیڈمی کی سرپرستی کررہا ہے۔ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے رجسٹریشن حاصل کی جارہی ہے۔ فی الحال ان طالب علموں کو سرٹیفکیٹ دیئےجائیں گےجبکہ اکیڈمی میں کمیونی کیشن اینڈ ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ بھی قائم کیا جارہا ہے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے گورننگ باڈی کو بتایا کہ نئی عمارت مکمل ہوچکی، اے سی آڈیٹوریم میں ایک سال سے پروگرام منعقد ہورہے ہیں۔ آئندہ ماہ حکومت سندھ کے محکمہ ثقافت کے اشتراک سے منعقد ہونے والے سندھ تھیٹر فیسٹیول میں 20 ڈرامے شامل کئے جارہے ہیں جن میں 10 سندھی اور 10اُردو ڈرامے شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اُردو کانفرنس میں شرکت کے لئے دُنیا بھر سے اسکالرزنے آنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

آرٹس کونسل میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں جو جلد مکمل ہوں گے۔