قطری وزیرخارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے، پاکستانیوں کو ایک لاکھ ملازمتوں کی پیشکش

October 20, 2018

اسلام آباد(ایجنسیاں‘جنگ نیوز) وزیراعظم عمران خان سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو امیر قطر کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا‘شیخ محمدنے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے اور پاکستانی شہریوں کو ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ۔ انہوں نے امیر قطر کی جانب سے پاکستان کی نئی قیادت کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نےدونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں قطر کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان سے قطر کے لئے برآمدات میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان اور قطر کے مابین دوطرفہ تجارت آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گی۔ انہوں نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی معیشت کے تمام شعبوں بالخصوص زراعت، لائیو سٹاک اور توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے پاکستان سے ایک لاکھ کارکن منگوانے کے قطری فیصلے پر جلد عملدرآمد کی توقع کا بھی اظہار کیا۔