پاکستان مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے ،سابقہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا،عمران خان

October 20, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے ‘ادارے خسارے میں ہیں‘ ملک میں وسائل کی کمی نہیں لیکن جس اندا ز میں اور جتنا بڑا ڈاکہ اس ملک پر مارا گیا اس کی مثال نہیں ملتی‘سابقہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلااوراس ملک کے ساتھ جو کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتے‘ان کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے ‘صورتحال یہ ہے کہ آج ریڑھی والوں، چھابڑی والوں اورمرے ہوئے لوگوں کے بنک اکاؤنٹس سے کروڑوں اربوں روپے نکل رہے ہیں‘منی لانڈرنگ روک لیں تو معاشی مسائل حل ہو جائیں گے‘ موجودہ بحران سے جلدنکل جائیں گے ۔ انہوں نے یہ بات بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگو میں کہی جس نے افتخار علی ملک، چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ اور سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس کی قیادت میں وزیرِ اعظم آفس میں ان سے ملاقات کی ۔ بزنس کمیونٹی کی جانب سےدیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈکے لئے نو کروڑانیس لاکھ روپے کے چیک وزیر اعظم کو پیش کئے گئے۔علاوہ ازیں صدر نیشنل بنک نے بھی عمران خان سے ملاقات کی اور دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کے لئے ایک کروڑ پچانوے لاکھ کی رقم کا چیک پیش کیا۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ اداروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا‘ اسٹیل مل، پی آئی اے، ریلوے، غرض جس ادارے کو دیکھیں وہاں اربوں روپے کے نقصانات ہیں‘ موجودہ وقت بلاشبہ ایک مشکل وقت ہے لیکن پاکستانی قوم میں بے پناہ صلاحیت ہے‘ پاکستان میں ایسے شعبے موجود ہیں جہاں ایک ایک شعبے میں اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اگر محض بیرون ملک سے ترسیلات زر قانونی طریقوں سے ملک بھیجی جائیںتو ہم معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے۔