عشرہ اسیران کربلا پروگراموں کا سلسلہ جاری

October 22, 2018

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق عشرہ اسیران کربلا کے پروگراموں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ اس موقع پر مجالس عزا اور ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔ علمائے کرام اور ذاکرین و واعظین نے عظیم قربانیوں کو سپاسِ عقیدت پیش کیا۔ راولپنڈی میں بھی مختلف تنظیموں اور اداروں کی جانب سے امام بارگاہوں اور عزاخانوں میں عشرہ اسیران کربلا کے سلسلے میں مجالس و ماتمداری کے پروگرام منعقد ہوئے۔تنظیم کاروان عباس ؑکے زیراہتمام مرکزی امام بارگاہ ادھوال علاقہ چونترہ میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ دہشت گردی یزیدیت ہے جس کے علاج کا عالمی شفاخانہ کربلا ہے۔ مجلس سے علامہ ارشد امیر عابدی، ذاکر الیاس رضا رضوی، ذاکر ناہید عباس، ذاکر منتظر مہدی، ذاکر ضیغم عباس شاہ، ذاکر موسیٰ خان، راجہ جدیر علی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جلوس علم بھی برآمد ہوا جس میں مختلف ماتمی دستوں نے پرسہ داری میں حصہ لیا۔ مسجد جعفریہ آئی نائن اسلام آباد میں علامہ آصف رضا علوی نے مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی دنیا بھر کے مظلومین کی تحاریک آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اسوہ بیمارِ کربلا کی عملی پیروی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلائے کشمیرو فلسطین میں جاری تحاریک آزادی ضرور کامیابی سے ہمکنار ہونگی جن کا منبع و سرچشمہ کربلا ہے۔