ماہی پروری شعبے کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے، عمران خان

October 31, 2018

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ماضی میں ماہی گیری کے شعبے کو یکسر نظراندازکرنے سے اربوں روپے کے زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت سے استفادہ نہیں کیا جا سکا، موجودہ حکومت کی جانب سےماہی پروری سمیت زراعت کے شعبے میں دوست ملک چین سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا اور چین کی مہارت سے استفادہ کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا۔ وزیراعظم کو ملک میں ماہی پروری کی موجودہ صورتحال اور اس شعبے کےفروغ پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ شرمپ فارمنگ، کیج کلچر اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ٹراؤٹ فارمنگ کے فروغ کےمنصوبے بنائے جارہے ہیں، جس سےنہ صرف ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس کم خرچ ذریعے سے لوگوں کو منافع بخش کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا گیارہ سو کلومیٹر کا وسیع ساحلی علاقہ ماہی پروری کی صنعت کے فروغ کے لیے مثالی بنانا اور وسیع و عریض بنجر اور سیم زدہ علاقوں کو شرمپ فارمنگ کے لیے بروئے کار لانا پی ٹی آئی حکومت کے پہلے 100 دن کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ماہی پروری سے وابستہ افراد کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔