مظاہروں کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر

November 02, 2018

ملک میں جاری احتجاجی مظاہروں کے سبب جہاں سڑکوں کی صورت حال مخدوش ہے، وہیں ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔

ڈی سی او کراچی اسحاق بلوچ کے مطابق ٹرینیں تاخیر سے آرہی ہیں، اس لئے ان کی روانگی بھی تاخیر سے ہوگی، کراچی سٹی اسٹیشن سے صبح 6بجے روانہ ہونے والی ہزارہ ایکسپریس کے مسافر شدید پریشان ہیں۔

ہزارہ ایکسپریس کے 18مسافروں کی گاڑی صبح 6بجے کراچی سٹی اسٹیشن سے نکلنی تھی، یہ لوگ رات 3بجے یہاں پہنچے گئے،لیکن ٹرین پہنچی ہی نہیں۔

ٹرین کا نہ پہنچنا بھی سمجھ سے بالا تر ہے کیونکہ ترجمان ریلوے کے مطابق بیشتر گاڑیاں مختلف شہروں سے اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوئی ہیں، سٹی اسٹیشن پہنچنے والے مہران ایکسپریس کے مسافروں نے راستے میں رکاوٹ کی شکایت نہیں کی۔

البتہ ڈی سی او کراچی کا کہنا ہےکہ ٹرینیں پہنچنے میں تاخیر ہے، اس لئے روانگی میں تاخیر ہوسکتی ہے، انہوں نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی گاڑی کی معلومات لے کر اسٹیشن پہنچیں، رہی بات ہزارہ ایکسپریس کے ان مسافروں کی تو ان کے کراچی میں رشتے دار انہیں لینے آرہے ہیں۔

ایک مسافر نے بتایا کہ ان کے رشتہ دار ٹرانسپورٹ کا انتظام کررہے ہیں، کیونکہ شہر میں گاڑیاں کم چل رہی ہیں اور راستے بند ہیں۔

اس سے قبل محکمہ ریلویز کوئٹہ نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی آج روانگی منسوخ کردی، ٹرین کی منسوخی کا فیصلہ جمعرات کو ٹرین کے کوئٹہ نہ آنے اور بوگیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کیا گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں دھرنوں کے باعث کوئٹہ آنے والی ٹرینوں کی آمد میں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر ہوئی ہے۔

کراچی سے آنے والی بولان میل 6گھنٹے اور لاہور سے کوئٹہ آنے والی اکبر بگٹی ایکسپریس 8گھنٹے تاخیر سے کوئٹہ پہنچی،جبکہ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس جمعرات کو کوئٹہ نہیں پہنچ سکی۔

ٹرین کی کوئٹہ آمد نہ ہونے اور بوگیاں نہ ہونے کے باعث جعفر ایکسپریس کی آج جمعے کو پشاور روانگی منسوخ کردی گئی ہے،ٹرین میں 6سو سے زائد مسافروں نے بکنگ کرائی تھی جن کے ٹکٹس کی رقم واپس کردی جائے گی۔