رحیم یارخان: غیرت کے نام پر 2 بہنوں کا قتل، مقدمہ درج

November 06, 2018

پنجاب کے شہر رحیم یارخان میں غیرت کے نام پر 2بہنوں کے قتل کے معاملے پر قتل، اغوا اور زیادتی کے دو مقدمات درج کر لیے گئے،قتل میں ملوث مقتولین کے2چچا زادبھائی اور زیادتی میں ملوث ایک ملزم گرفتار ہے، نامزد 2وملزمان کی تلاش جاری ہے۔

رحیم یار خان کے علاقے جمالدین والی میں گزشتہ روزغیرت کے نام پر دوبہنوں کو قتل کرنے کے واقعے پر تھانہ بھونگ میں قتل، اغوا اور زیادتی کے2مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

غیرت کے نام پر قتل کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں شاہ مرید، سچو اور جبران کے خلاف درج کیا گیا ہے، اس سلسلے میں جبران گرفتار ہے، جبکہ دو ملزمان شاہ مرید اور سچو کی تلاش جاری ہے۔

اغوا اور زیادتی کا مقدمہ مقتول لڑکیوں کے والد مرید بابڑے کی مدعیت میں مقتولین کے چچازاد بھائی شاہنواز اور سلیم بابڑے کے خلاف درج ہے، ان دونوں ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

لاشوں کا پوسٹ مارٹم تحصیل اسپتال صادق آباد میں کیا گیا ہے جبکہ اعضا کے نمونے لیبارٹری میں بھیجے گئے ہیں، گرفتار ملزمان کو علاقہ مجسٹریٹ صادق آباد کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔