بڑے شہروں کی طرح تجاوزات پشاورکا بھی اہم مسئلہ

November 08, 2018

کراچی اور ملک کے دیگر بڑے شہروں کی طرح تجاوزات پشاورکا بھی اہم مسئلہ ہیں۔ مختلف محکمےکارروائیاں توکرتے ہیں لیکن تجاوزات ختم ہونے اور عوام کے مسائل کم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔

پشاورکی اہم شاہراہیں ہوں یا بازار، ہر جگہ تجاوزات کی بھرمارہے۔ ہشت نگری، فردوس، مینابازار، صدر بازار ہو یا گھنٹہ گھر، ہر جگہ فٹ پاتھوں تک پر قبضہ ہے۔

قصہ خوانی بازار اور پلاسٹک مارکیٹ میں تو دکانوں کاسامان سڑک پرپڑا نظر آئے گا۔ ریڑھی بان اور چھابڑی والوں نے الگ تجاوزات بنائی ہیں۔

چارسدہ روڈ اور سٹی سرکلر روڈ پر موٹرسائیکل، رکشہ اور کار بارگین مافیا قابض ہے، جن کی گاڑیاں سڑک پر عارضی تجاوزات کی شکل میں نظر آئیں گی، جبکہ انہی مقامات پر مکینک بھی دکان کھولے بیٹھے ہیں۔

مجسٹریٹ دن رات کاروائیاں کرتے ہیں لیکن پورا پشاور کور نہیں کرپاتے۔

ضلعی انتظامیہ، کنٹونمنٹ بورڈ، ٹریفک پولیس اور پی ڈی اے ان عارضی اور مستقل تجاوزات کےخلاف وقتاًفوقتاً کاروائیاں کرتے ہیں۔ گرفتاریاں بھی ہوتی ہیں۔ لیکن سب بے سود۔