اسپین،سفیر پاکستان کی آندورا کے پرنس اور وزیر خارجہ سے ملاقات

November 09, 2018

اسپین میں پاکستان کے سفیر خیام اکبر نے ’آندورا ـ‘کے کو پرنس آرچ بشپ خوان اینریک ویویس سیسیلیا کو بطور سفیر پاکستان اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں ۔

اس موقع پر آندورا کی وزیر خارجہ اور کو پرنس کے نمائندہ خاص بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں سفیر پاکستان نے کو پرنس کو صدر پاکستان عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی بہتری کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آندورا کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔

یاد رہے کہ دونوں ممالک بین الا قوامی تنظیموں ’ یونائیٹڈ نیشنز ، انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشنز یونین اور یونیسکو کی سطح پر ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں ۔سفیر پاکستان نے آندورا کی سیاحت اور ماحول کے حوالے سے اُن کی ترقی کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ دونوں ممالک ان شعبوں میں ایک دوسرے سے بھر پور تعاون کریں گے ۔

اس موقع پر آندورا کے کو پرنس نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کی کامیاب کاوشوں کو سراہا اور حکومت پاکستان کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس سے پہلے سفیر پاکستان اور آندورا کی وزیر خارجہ ’ماریہ اُوباخ فونت ‘ کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی جہاں پاکستان کی معاشی ترقی ،خطے میں امن و امان کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں اور حکومت کی معاشی اور سماجی ترقی کے میدانوں میں ترجیحات اور پالیسیوں پر مکمل بات کی گئی ۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دوطرفہ تعلقات کو مختلف جہتوں میں مزید گہرا بنایا جائے خصوصاً سیاست ، ثقافت اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائے جانے پر زور دیا گیا ۔