وزارت داخلہ ،نوجوانوں کو گینگز کے ہتھے چڑھنے اور جرائم سے روکنے کیلئے 29پروجیکٹس کا اعلان

November 11, 2018

لندن (پی اے) ہوم سیکرٹری ساجد جاوید نے نوجوانوں کو جرائم سے روکنے اور گینگز کے ہتھے چڑھنے سے بچانے کیلئے 29 نئے پروجیکٹس کا اعلان کیا ہے۔ ساجد جاوید نے کہا کہ ان 29 پروجیکٹس کو انگلینڈ اینڈ ویلز کے پولیس اینڈ کرائم کمشنرز کی توثیق حاصل ہے۔ ان پروجیکٹس کیلئے دو سال میں مجموعی طور پر 17.7 ملین پونڈ کی فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔ یہ رقم ان انشی ایٹوز پر خرچ ہوگی، جن کا مقصد ابتدائی مراحل میں ہی بچوں کو جرائم اور تشدد کی دنیا میں پھنسنے سے بچانا ہوگا۔ متشدد کرائمز میں تیزی سے اضافے پر منسٹرز کو زبردست تنقید اور دبائو کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، خاص طور پر برطانوی دارالحکومت لندن میں حالیہ دنوں میں پر تشدد واقعات کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس پر گہری تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔گزشتہ دنوں ہوم سیکرٹری ساجد جاوید نے میٹ پولیس کمشنر کریسیڈا ڈک کو لندن میں متشدد کرائمز کی سطح کو کنٹرول میں لانے اور سٹاپ اینڈ سرچ سمیت تمام اختیارات بروئے کار لانے کی ہدایت کی تھی۔ لندن میں چاقو زنی کی وارداتوں سے اموات میں اضافہ ہوا ہے۔ سیریس وائیلینس سٹریٹیجی میں ارلی انٹروینشن یوتھ فنڈ کے پلانز بنائے گئے ہیں جو کہ اپریل میں شائع ہوئے تھے۔ ساجد جاوید نے کہا کہ چاقو زنی کے واقعات کو روکنے کیلئے فوری کارروائی کے ساتھ طویل مدتی اپروچ اور اقدامات ضروری ہیں، تاکہ بچوں اور نوجوانوں کو ابتدائی مرحلے پر ہی جرائم کے گرداب میں پھنسنے اور کرمنل گینگز کے ہتھے چڑھنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے بچوں کو جرائم سے روکنے کے ساتھ قوانین کی انفورسمنٹ بھی سخت کی جائے گی، جو ہماری سیریس وائیلنس سٹریٹیجی کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فنڈنگ سے مختلف پروجیکٹس کیلئے سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ ان پروجیکٹس کے ذریعے بچوں کو ابتدا میں جرائم سے روکنے کے ساتھ جرائم میں ملوث نوجوانوں اور بچوں کی زندگیوں کو بدلنے کا کام کیا جائے گا۔ کوہیژن پروجیکٹس کے تحت اقدامات میں مینٹرنگ، فیملیز کی سپورٹ، بچوں کو ایمپلائمنٹ یا تعلیم کی جانب راغب کرنا شامل ہے۔ اس سٹریٹیجی کے 10 پروجیکٹس لندن بیسڈ ہیں جبکہ دیگر نارفوک، سسیکس، ایون اینڈ سمرسیٹ، مرسی سائیڈ، سفوک، ایسکس، ہمیبر سائیڈ، ویسٹ مڈلینڈز، نارتھمپٹن شائر، گریٹر مانچسٹر، کلیو لینڈ، سائوتھ یارکشائر، ڈیون اینڈ کورنوال، نارتھمبریا، ہمپشائر، ٹیمز ویلی اور ویسٹ یارکشائر کے پی سی سی ایریاز میں ہوں گے۔