سیاسی رہنما رضیہ چوہدری پیپلز پارٹی نارتھ ویسٹ خواتین ونگ کی صدر نامزد

November 12, 2018

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) معروف خاتون سماجی و سیاسی رہنما رضیہ چوہدری کو پیپلز پارٹی نارتھ ویسٹ خواتین ونگ کا صدر نامزد کر دیا گیا۔ یہ اعلان سابق گورنر بیرسٹر لطیف کھوسہ اور آزاد جموں کشمیر اسمبلی کے قائد اختلاف چوہدری یاسین کی پیپلز ہائوس مانچسٹر میں موجودگی کے موقع پر صدر پیپلز پارٹی برطانیہ نے کیا اور نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ نو منتخب صدر نارتھ ویسٹ ونگ رضیہ چوہدری نے جنگ اور خواتین کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ تین دہائیوں(30) سال سے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ پہلے وہ شہید بی بی بے نظیر بھٹو کی دیوانی تھی اور اب وہ شہید بی بی کے جانشین بلاول بھٹو کو اپنا قائد تسلیم کرتی ہیں۔ اب وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں خواتین کو پیپلز پارٹی میں شامل کرکے اپنی پارٹی اور اپنے وطن کی خدمت کے لئے صرف کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی خواتین کو پاکستان میں اصلاحی فلاحی کاموں میں بھرپور طریقے سے حصہ لینا چاہئے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں حقیقی جمہوریت اور قوم کی صحیح رہنمائی کرنے والی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وہ شعبہ خواتین کی کوآرڈینیٹر غزالہ خان اور پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری اور نارتھ ویسٹ چیشائر کے صدر گلزار خان کے ساتھ ملکر پیپلز پارٹی کو برطانیہ میں فعال کریں گے اور بہت جلد خواتین کا ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔