پاکستان کی تیزی سے بڑھتی آبادی کو روکنا ہو گا،حسن نثار

November 12, 2018

کراچی (ٹی وی رپورٹ) معروف تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ پاکستان کی تیزی سے بڑھتی آبادی کو روکا نہ گیا تو 15سے 20سال بعد قوم ماتم کررہی ہو گی اور پرسہ دینے والا کوئی نہ ہوگا وہ وقت آجائے گا کہ اپنا ہی گوشت کاٹ کر کھانا پڑے گا،ہمیں سمجھ جانا چاہئے یہ زمانہ تعداد نہیں استعداد کا ہے، کوانٹیٹی نہیں اب کوالٹی ہونی چاہئے، اعتدال و میانہ روی اسلام کی بنیادی ترین تعلیم ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’میرے مطابق‘‘ میں میزبان شجیعہ نیازی کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر چیز کی طرح سوشل میڈیا کے بھی اپنے فوائد اور نقصانات ہیں یہ ہم پر منحصر ہے کہ اس کا استعمال کس طرح سے کرتے ہیں،ایک سرجن اگر کسی کا گردہ نکال کے بیچ دے تو مکروہ حرکت اور وہی سرجن سرجری کرکے کسی کا گردہ تبدیل کردے تو کمال ہوگیا۔غیرممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کی مرنے کے بعد اپنے وطن میں دفنائے جانے کی خواہش کے سوال پر حسن نثار کا کہنا تھا آبائی گھر کیساتھ یادیں وابستہ ہوتی ہیں آدمی کی جہاں لڑکپن ‘ بچپن گزرا ہو ۔