حصارِ نظر (طنز و مزاح)

November 18, 2018

مصنّف: ثمر نظامی

صفحات512 :، قیمت600 :روپے

ناشر:ادارۂ ندیم نظامی، 898-A،بلاک12 ،گل برگ، فیڈرل بی ایریا، کراچی

ثمر نظامی ادبی حلقوں میں شاعر کی حیثیت سے معروف تھے، لیکن ساتھ ہی نثر نگار بھی تھے۔ وہ برسوں تک کراچی کے ایک روزنامے میں روزانہ کالم لکھتے رہے۔ ان کے صاحب زادے، ندیم احمد نظامی نے چالیس پنتالیس سال پُرانے ان کالمز کو جمع کرکے کتابی صورت میں شایع کیا ہے۔ ان کالمز میں اُس دَور کےسیاسی، سماجی، معاشی، تہذیبی اور اخلاقی اقدار کی صورت نظر آتی ہے۔ حالاں کہ یہ کالمز پُرانے ہیں، لیکن انہیں پڑھا جائے، تو محسوس ہوتا ہے، یہ آج ہی کے دَور کی بات ہے۔ اندازِ بیان طنزیہ اور مزاحیہ ہے، لیکن سب میں مقصدیت نمایاں ہے۔ کتاب کا آخری کالم مہنگائی پر ہے، اس میں اشیائے خورونوش کی جو قیمتیں بیان کی گئی، وہ خواب و خیال لگتی ہیں۔مثلاً بکرے کا گوشت تیس روپے کلو، گائے کا سولہ روپے، زندہ مرغی اکیس روپے کلو،گھی دس روپے اور آٹا دو روپے کلو۔ شاید یہ کسی دوسرے سیّارے کا ذکر ہے۔