شاعری میرا تعارف نہیں

November 18, 2018

شاعر:شوکت عابد

صفحات:255

قیمت: 500 روپے

ناشر:ہما پبلشنگ ہائوس، کراچی

نثری نظموں اور غزلوں پر مشتمل شوکت عابد کا یہ پہلا مجموعہ ہے۔ جس زمانے میں کراچی کے نوجوان شعراء کا ایک گروپ سلیم احمد اور قمرجمیل کی رہنمائی میں نثری نظم کی تحریک کو آگے بڑھا رہا تھا، شوکت عابد ان ہی میں شامل تھے۔ قمرجمیل کی رفاقت نے انہیں مغرب کے جدید شعراء، جدید رجحانات اور شعری اظہار کی ایک نئی صنف’’نثری نظم‘‘سے متعارف کروایا۔ ہسپانوی شاعری کے تراجم کے حوالے سے انہیں اپنے ہم عصر نوجوان شعراء میں بڑی اہمیت حاصل تھی۔لیکن چھپنے سے زیادہ چُھپنے کے قائل ہونے کے سبب وہ ادبی رسائل سے دُور ہی رہے۔ شوکت عابد کی اکثر نثری نظموں میں عصرِحاضر کی خارجی زندگی کے تضادات کو ایک مخصوص انداز میں پیش کیا گیا ہے اور یہ لہجہ کہیں کہیں طنز آمیز ہوجاتا ہے، لیکن غزلوں میں ایسا نہیں۔ فلیپ پر ظفر اقبال کی رائے درج ہے۔ کتاب سادہ، مگر پُرکشش سرورق اور طباعت کے صوری حُسن کے ساتھ شایع ہوئی ہے۔