پاکستانی سیاست کا مستقبل پاک سرزمین پارٹی ہے، مرزا فیصل محمود

November 13, 2018

برمنگھم(پ ر) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ ورکنگ کمیٹی رکن مرزا فیصل محمود نے پاکستان واپسی پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہاہے کہ مستقبل پاک سرزمین پارٹی کا ہے اور ایک وقت آئے گا جب پاکستان کی سیاست میں پی ایس پی ایک اہم مقام حاصل کرے گی۔اسلام میں لسانیت کی کوئی گنجائش نہیں اور لسانی سیاست کرنے والی جماعتوں کو قوم نے مسترد کردیا اورجمہوریت کے نام پر خاندانی بادشاہت بھی زمین بوس ہونے کو ہے، ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاق کو مضبوط کریںاور غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر کو بے نقاب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے قوم کو ایک جھنڈے تلے متحد کرنے کے لئے وطن پرست سیاسی جماعت پاک سرزمین پارٹی کی بنیاد رکھی اور قوم کے ہاتھ میں قوم پرچم پکڑا دیا۔ پاکستانیوں میں اتحاد و بھائی چارے کی فضا قائم کی ، دیہی اور شہری تفریق کا خاتمہ کیا ، پاکستان کی معاشی شہ رگ میں نوگو ایریا کے خاتمے کا عملی مظاہرہ کیا اور اب پاکستان کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے عوام کے ساتھ مل کر بلدیاتی سطح پر تمام مسائل حل کریں گے اورعوام کو ان کے تمام بنیادی حقوق دلانے تک PSP ہر گز چین سے نہیں بیٹھے گی۔