محکمہ تعلیم سندھ کی کارروائی، اضافی فیس پر اسکولوں کی رجسٹریشن معطل

November 15, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم سندھ نے اضافی فیسوں کے حوالے سے عدالتی احکامات نظر انداز کرنے پر نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے دو اسکولوں سٹی اسکول اور بیکن ہائوس اسکول کی سندھ بھر میں قائم 121 کیمپسز کی رجسٹریشن معطل کردی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق سٹی اسکول کے 56 اور بیکن ہائوس اسکول کے 65 کیمپسز کی رجسٹریشن معطل کی گئی ہے۔ اسکولوں کو جاری کردہ نوٹس کے مطابق سات روز میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہوا تو رجسٹریشن بحال ہوجائے گی بصورت دیگر اسکولوں کو سیل کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کو عدالتی احکام کے تحت نجی اسکولوں سے اضافی فیس واپس لینے کے حکم پر عملدرآمد کیلئے ڈھائی ماہ کا وقت دیا گیا تھا تاہم دو ماہ گزرنے کے باوجود اسکولوں نے فیس واپس نہیں کی ہے۔ محکمہ تعلیم کی ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ اسکولز نے اسکولوں کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے 5 مرتبہ خط لکھے۔ رجسٹرار پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز پروفسیر رفیعہ ملاح کے مطابق بیکن اور سٹی اسکولز نے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا، سات دن کے اندر اگر عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہوا تو رجسٹریشن واپس بحال ہوجائی گی۔