شیخ رشید عمران خان کی یوٹرن والی بات سے بے خبر نکلے

November 17, 2018

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید وزیراعظم عمران خان کی یوٹرن والی بات سے بے خبر نکلے،کہا کہ ابھی اس پر بات نہیں کرسکتا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ نہیں معلوم وزیراعظم نے یوٹرن والی بات کس سوال کے جواب میں کہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مارچ تک سارا جھاڑو پھر جائے گا،فالودے والوں اور ویلڈنگ والوں کے سر پر کھیلنے والے جیل کا خام مال ہیں۔

وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ جس جس نے بھی گاجریں کھائی ہیں اسے پھکی ملنی چاہیے،بڑے بڑے بدمعاشوں سے نمٹا ہے، ریلوے کی زمینیں قبضہ گیروں سےخالی کرائیں گے۔

شیخ رشید نےسردیوں کی چھٹیوں میں 25 دسمبر سے 10 جنوری تک تمام ٹرینوں پر طلبا کو 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا۔

ان کا کہناتھا کہ ریلوے میں کرپشن کیخلاف نیب میں فاسٹ ٹریک انویسٹی گیشن کی درخواست لے کر جارہے ہیں۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ 6 ٹرینیں چلا چکے ہیں 4 ٹرینیں جلد ٹریک پر آجائیں گی،ریلوے کی زمین سے قبضے چھڑائیں گے۔

شیخ رشید نےسابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارسے ملاقات کا ذکر کیا اور کہا کہ ان سے ایک شادی کی تقریب میں تفصیلی ملاقات ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چوہدری نثار نے اعتراف کیا کہ میں انہیں ٹھیک کہتا تھاکہ ایکسپریس ٹرین کبھی مسافروں کاانتظار نہیں کرتی،اُس وقت چوہدری نثار کے پاس 40 ارکان تھے،اب وہ کہیں نہیں جارہے،نہ ن لیگ میں اور نہ ہی پی ٹی آئی میں۔