گوادر ایکسپریس وے کیخلاف آج احتجاج کیا جائیگا، بی ایس او پجار

November 18, 2018

کوئٹہ(این این آئی)بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کی سینٹرل کمیٹی کا پہلا اجلاس مرکزی چیئرمین حمید بلوچ کی صدارت میں ہوا اجلاس میں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طورپرلاپتہ افراد کو منظر عام پر لایا جائے ،اجلاس میں ملک بھرکی طلباء تنظیموں کو ساتھ ملانے اور طلباء کے خلاف جاری استحصالی منصوبے کے خلاف اور طلباء یونین کی بحالی کیلئے تحریک چلانے پرزوردیا گیا اجلاس سے مرکزی چیئرمین حمید بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر کے طلباء و طالبات استحصال کا شکار اور مسائل سے دوچار ہیں حالانکہ ہماری تنظیم کی کوشش ہے کہ ملک کی تمام روشن خیال و ترقی پسندانہ سوچ رکھنے والی طلباء تنظیموں کے ساتھ ملکر ایک بھر پور تحریک چلائی جائے ۔انہوں نے بلوچ نوجوانوں کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکمران بلوچستان کا مستقل سیاسی حل چاہتے ہیں تو فی الفور لاپتہ افراد کو منظر عام پر لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گوادر ایکسپریس وے مقامی ماہی گیروں کا معاشی قتل ہے جس کی بی ایس او پجار شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اٹھارہ نومبر کو بلوچستان بھر کے پریس کلبوں کے سامنے نیشنل پارٹی کے ساتھ ملکر احتجاج کریگی۔اجلاس میں طلباء تنظیموں کے الائنس کے حوالے سے مرکزی چیئرمین حمید بلوچ کی سربراہی میں ملک زبیر بلوچ عمران بلیدی ،گورگین بلوچ ،ڈاکٹر طارق بلوچ ، جعفر بلوچ اور نجم بلوچ پر مشتمل سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔