جج کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں بددیانت نہیں ہوناچاہئے، جسٹس گل حسن

November 18, 2018

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آبادہائی کورٹ کے جج ،مسٹر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک جج کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں بددیانت نہیں ہوناچاہئے، اس کے فیصلے میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی ، بددیانت جج کی اللہ کے پاس کسی صورت معافی نہیں ہے تاہم وہ بھی ایک انسان ہے ،بعض اوقات وہ بھی دبائو میں ہوتا ہے، لیکن اس کے مرتبہ کی عزت کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسلام آبادبارکونسل کے قائداعظم ہال کاافتتاح کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ کے نئے وکلا کو انرولمنٹ سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نئے آنے والے وکلا کومبارکباددیتے ہوئے کہاکہ دلائل کے دوران آپ کا رویہ اور لب و لہجہ شائستہ ہونا چاہیے۔اس موقع پر اسلام آبادبارکونسل کے وائس چیئرمین فیاض احمد انجم جندران،ممبرجوڈیشل کونسل قاضی رفیع الدین بابر،ہارون الرشید اورسید واجد علی گیلانی نے بھی خطاب کیا ۔