حکومت یورپی یونین سے ڈیل کے سیاسی جذبے سے عاری ہے،دومینک راب

November 19, 2018

لندن (نیوز ڈیسک) بریگزٹ سے متعلق امور کے سابق وزیر ڈومنک راب نے بریگزٹ پر ڈیل کے حوالے سے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت یورپی یونین سے ڈیل کے سیاسی جذبے سے عاری ہے. ڈومنک راب، جنھوں نے بریگزٹ پر ڈیل کے حوالے سے اختلافات پر جمعرات کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، سنڈے ٹائمز سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کو خود کو دھمکیاں دینے کی اجازت نہیں دینی چاہئے اور اگر ضروری ہو تو مذاکرات چھوڑ کر باہر آجانے کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ تاہم وزیراعظم تھریسا مے نے ڈیل میں کسی ترمیم کے امکانات رد کردیئے ہیں۔ دارالعوام کی قائد اینڈریا لیڈسم کابینہ کے ان 5وزرا میں شامل ہیں، جو یہ سمجھتی ہیں کہ وہ وزیراعظم کو اپنے منصوبے پر نظر ثانی کرنے پر رضامند کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی، کیونکہ بقول ان کے اس معاہدے کو بہتر بنانے کی کافی گنجائش موجود ہے لیکن تھریسا مے نے سن آن سنڈے میں اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ یہ واحد ڈیل ہے جو قابل عمل ہے اور اب کوئی دوسری متبادل ڈیل زیر غور نہیں ہے اور ہم کسی اور بات پر متفق نہیں ہوسکتے۔ بدھ کو ڈیل کی تفصیلات کی اشاعت کے بعد سے تھریسا مے مسلسل مشکلات کا شکار ہیں اور ان کی کابینہ کے 2سینئر وزرا سمیت کئی جونیئر وزرا استعفیٰ دے چکے ہیں جبکہ کنزرویٹو پارٹی کے بعض ارکان، جو اس ڈیل سے خوش نہیں ہیں، تھریسا مے پر عدم اعتماد کے خطوط لکھ رہے ہیں۔ ڈومنک راب کا کہنا ہے کہ اگر مناسب شرائط پر ڈیل ممکن نہ ہو تو ہمیں اپنے ملک سے ایمانداری کا ثبوت دیتے ہوئے یہ واضح کردینا چاہئے کہ ہمیں نہ تو خریدا جاسکتا ہے اور نہ ہی دھمکایا جاسکتا ہے اور ہم مذاکرات سے الگ ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں خود کو اس طرح پیش نہیں کرنا چاہئے، جیسے کہ ہمیں اپنے سائے سے بھی خوف محسوس ہو رہا ہو۔