سہراب گوٹھ میں فائرنگ ، میاں بیوی جاں بحق ، بیٹی زخمی

November 19, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر )لاسی گوٹھ میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق اور بیٹی زخمی ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود لاسی گوٹھ کی کچی آبادی سائیں داد گوٹھ میں واقع گھر میں نا معلوم ملزمان نے داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہو گئے ،ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق اور فائرنگ کرنے والوں کے درمیان اند ر و ن سندھ نوڈیرو سے پرانا جھگڑا چل رہا تھا اور اسی دشمنی کی بناء پر یہ واقعہ پیش آیا ہے تاہم انکا کہنا تھا کہ واقعہ کی مزیدتفتیش کی جا رہی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتےپر پولیس نے موقع پر پہنچ کر 2خواتین سمیت 3افراد کو شدید زخمی حالت میں عباسی اسپتال منتقل کیا جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے خاتون اور مرد نے دم توڑ دیا ،ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت45سالہ ضمیر احمد ولد یوسف اور40سالہ بھاگل زوجہ ضمیر احمد کے نام سے کی گئی جو کہ آپس میں میاں بیوی تھے اور ان کی بیٹی سومل کی حالت تشویشناک ہے ،انہوں نے مزید بتایا کہ 3مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی تھی جو کہ فرار ہو گئے اور ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق اور فائرنگ کرنے والوں کے درمیان اندرون سندھ نوڈیرو سے پرانا جھگڑا چل رہا تھا اور اسی دشمنی کی بناء پر یہ واقعہ پیش آیا ہے تاہم انکا کہنا تھا کہ واقعہ کی مزیدتفتیش کی جا رہی ہے۔