پی سی بی آسٹریلین ٹیم کو آئندہ برس پاکستان بلانے کیلئے کوشاں

November 21, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈنے آئندہ برس مارچ میں آسٹریلیا کے کیخلاف کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے کم از کم دو میچ ہوم گراؤنڈز میں کرانے کی کوششیں شروع کردیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز کے ایک سے 2 میچز پاکستان میں کرانے کی کوششیں جاری ہیں جس کے لیے پی سی بی نے کراچی یا لاہور میں میزبانی کا آپشن رکھا ہے۔ توقع ہے کہ یہ میچ اپریل میں ہوں گے۔ ورلڈ کپ سے قبل ان میچوں میں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوگی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل مذکورہ سیریز کا شیڈول تبدیل نہیں کیا جا رہا، ون ڈے سیریز آئندہ برس 19 سے 31 مارچ کو ہی شیڈول ہے۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کی وجہ سے سیریز کو چند ہفتے کی تاخیر سے کرایا جائے گا۔ پی سی بی کے مطابق سیریز کی شیڈول کے مطابق میزبانی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئندہ برس دو طرفہ سیریز کھیلی جائے گی، مارچ میں پاکستان آسٹریلیا کی اور دسمبر میں آسٹریلیا پاکستان کی میزبانی کرے گا۔