لیبر نے نوڈیل بریگزٹ روکنےکیلئےتھریسامے حکومت گرانےکی دھمکی دیدی

November 21, 2018

لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی اپوزیشن لیبر پارٹی نے دھمکی دی ہے کہ وہ بریگزٹ پر نو ڈیل کو بلاک کرنے کی کوشش میں ٹوریز حکومت کو گرا سکتی ہے۔ لیبر پارٹی نے اعلان کیا کہ نو ڈیل بریگزٹ کا کوئی آٹپشن نہیں ہے اور اس نے تھریسا مے کے پلان کی حمایت کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ لیبر کا کہنا ہے کہ تھریسا مے کا بریگزٹ پلان لیبر کے چھ ٹیسٹس پر پورا نہیں اترتا۔ شیڈو بریگزٹ سیکرٹری کیر سٹارمر ایم پی نے لیبر پارٹی کے پارلیمنٹری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہائوس آف کامنز میں ایم پیز کے ساتھ مل کر یہ کام کرنے کی تیاری کر رہے ہیں کہ برطانیہ کسی ڈیل کے بغیر یورپی یونین سے علیحدہ نہ ہو۔ لیبر پارٹی اس سلسلے میں اپنے پاس موجود تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی، جس میں وزیراعظم تھریسا مے کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تھریسا مے کو تحریک عدم اعتماد میں شکست ہو گئی تو پھر 14 دن میں نئی حکومت تشکیل دی جائے گی جو کہ ہائوس آف کامنز سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی۔ دوسری جانب تھریسا مے یہ اعلان کر چکی ہیں کہ ان کی حکومت بریگزٹ پلان کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی اور ان کا حکومت سے علیحدگی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے باغی ساتھیوں کو بھی اس حوالے سے متنبہ کیا تھا۔ کیر سٹارمر نے کہا کہ اگر نئی ایڈمنسٹریشن بھی یہ کام نہ کر سکی تو پھر عام انتخابات کا انعقاد ہوگا۔ کنفیڈریشن آف برٹش انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے لیبر لیڈر جیرمی کوربن نے کہا کہ تھریسامے ڈیل اور نو ڈیل میں سے چوائس جعلی چوائس ہوگی۔ لیبر پارٹی نے ایک متبادل پلان سینس ایبل جابس فرسٹ ایگریمنٹ تیار کیا ہے جو پارلیمنٹ کی سپورٹ حاصل کر سکتا ہے اور ہمارے ملک کو یکجا کر سکتا ہے۔ امکان ہے کہ سر کیر سٹارمر پی ایل پی کے اجلاس میں یہ بات کہیں گے کہ وزیراعظم تھریسا مے کی ڈیل مذاکرات کی تباہ کن ناکامی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تھریسا مے کی ڈیل پارلیمنٹ کی سپورٹ چاصل کرنے میں ناکام رہی تو ہم خاموش نہیں بیٹھے رہیں گے اور انہیں یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیں۔ بریگزٹ پر نو ڈیل کوئی آپشن نہیں ہے۔ ہم نو ڈیل کو سپورٹ نہیں کرتے اور نہ ہی حکومت کے بہت سے ایم پیز اس کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کسی بھی حکومت کیلئے نو ڈیل کا اقدام کرنا پائیدار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں ایسے مواقع ہوں گے کہ نو ڈیل کے خلاف اکثریت کی آواز کو سنا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موشنز پیش کی جائیں گی، ترامیم بھی پیش کریں گے اور حکومت کے خلاف تحریک عدم اتماد بھی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ لیبر اس کام کیلئے کامنز کے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔