60 فیصد سکاٹش عوام برطانیہ کے ساتھ رہنے کے حامی

November 21, 2018

لندن (پی اے) دی سرویشن کے تازہ ترین سروے میں انکشاف ہوا ہےکہ سکاٹ لینڈ کے 60 فی صد افراد نئے ریفرنڈم میں برطانیہ کے ساتھ رہنے کے حق میں ووٹ دیں گے۔ یہ سروے پرو یونین گروپ کیلئے کیا گیا، جس میں سکاٹش عوام سے2014 کے آزادی ریفرنڈم سےکچھ مختلف سوالات پوچھے گئے تھے۔ یہ پوچھنے کے بجائے کہ کیا ملک کو آزاد ہونا چاہئے، یہ سوال کیا گیا کہ کہ آپ چاہیں گے کہ ملک برطانیہ کا حصہ رہے۔ سروے کے نتائج میں پتہ چلا کہ 2014 کے ریفرنڈم میں ہاں کے حق میں ووٹ دینے والے 28 فی صد ووٹرز ریمین کے حق میں ووٹ دیں گے۔ پہلے نہیں کہنے والے 15 فی صد ووٹرز یونین چھوڑنے کی حمایت کریں گے۔ سکاٹ لینڈ ان یونین کی چیف ایگزیکٹیو پامیلا ناش نے کہا کہ اس بم شیل سروے میں پتہ چلا کہ سکاٹ لینڈ کے عوام کی اکثریت برطانیہ کے ساتھ رہنے کے حق میں ہے۔ ووٹرز یہ جانتے ہیں کہ ہم برطانیہ کا بہترین حصہ ہیں اور یہ دانش مندانہ بات ہے کہ ہم اپنے پرانے دوستوں، ساتھیوں اور اتحادیوں کے ساتھ رہیں نہ یہ کہ ہمیں نیشنل ازم کے نام پر تقسیم کر دیا جائے۔ اس سرویشن پول میں 1013 سکاٹش افراد سے سوالات پوچھے گئے تھے، جن کی عمریں 16 سال سے زائد تھی۔ یہ سروے 9 سے 13 نومبر کے درمیان کیا گیا تھا۔ سروے کے نتائج میں سامنے آیا کہ بریگزٹ معاہدےکے بغیر برطانیہ کے ساتھ رہنے والوں کا تناسب کم ہو کر 52 فی صد پر آ گیا۔ سروے میں سامنے آیا کہ 67 فیصد سکاٹش باشندے یورپی یونین میں رہنے کا انتخاب کریں گے۔ عام انتخابات کیلئے ووٹنگ میں ایس این پی 39 فی صد کے ساتھ پہلے اور سکاٹش کنزرویٹوز 26 فی صد کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئی۔ ایس این پی ڈپٹی لیڈر کیتھ برائون نے کہا کہ اس سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سروے ہمارے مخالفین نے کروایا ہے، تاکہ ایس این پی کو سیاسی دھچکہ پہنچایا جا سکے، حالانکہ اس کے اثرات بالکل برعکس ہیں۔ اس کے نتائج انڈی پینڈنٹس موومنٹ کیلئے انتہائی حوصلہ افزا ریڈنگ پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس این پی سکاٹ لینڈ کے بہترین مستقبل کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔