ملائیشیا کی خاتون اول عمران خان کی فین نکلیں

November 22, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیراعظم عمران خان بدھ کی رات 2 روزہ دورے پر ملائیشیا گئے جہاں یہ واضح ہوگیا کہ پاکستان کو ورلڈ کپ جتوانے والی قومی ٹیم کے کپتان عمران خان کے مداح پوری دنیا میں موجود ہیں۔

عمران خان کی دورہ ملائیشیا کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمدکی اہلیہ اور ملائیشیا کی خاتون اول سیتی حسما محمد علی فوٹو سیشن کے دوران عمران خان کی جانب مڑیں اور کہا کہ ’کیا میں آپ کا ہاتھ پکڑ سکتی ہوں؟‘

Your browser doesnt support HTML5 video.


جس پر وزیر اعظم مسکرائے اور جواب دیا، 'کیوں نہیں۔ عمران خان کا ہاتھ تھامے تصویر کھینچوانے پر ملائیشین خاتون اول کی خوشی دیکھنے کے قابل تھی۔ سیتی حسما محمد علی کے اس معصومانہ سوال پر ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد اور وہاں موجود تمام لوگ ہنس پڑے۔

کوالا لمپور ایئرپورٹ پر نا صرف عمران خان کا شاندار استقبال ہوا بلکہ اُن کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

واضح رہے وزیر اعظم عمران خان کی ملائشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کے دوران دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعظم عمران خان نے انتخابات میں کامیابی پر مہاتیر محمد کو مبارک باد دی۔ اس کے علاوہ انہوں نے آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان اور ملائیشیا کی جانب سے مشاورتی اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا، مہاتیر محمد نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے پاکستان سے تعاون کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم کو دورے کی دعوت ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے دی ہےجہاں وزیراعظم کے ساتھ ملائیشین نائب وزیر خارجہ اور پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا بھی موجود تھے۔