شہباز شریف کی پیشی، لوئر مال پر کرفیو کا سماں

November 22, 2018

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی احتساب عدالتی میں پیشی کے موقع پر لاہور کے علاقے لوئر مال پر کرفیو کا سماں رہا، عدالت کی طرف جانے والے تمام راستے بند ہونے سے تعلیمی اداروں میں چھٹی ہوگئی اور کاروبار زندگی بھی مفلوج رہا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جب بھی پیشی ہوتی ہے عدالت کے باہر کا علاقہ ویرانی کا منظر پیش کرنے لگتا ہے، عدالت کی طرف جانے والے راستوں پر خار دار تاریں اور رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کر دیئے جاتے ہیں۔

پولیس کی بھاری نفری بھی مختلف پوائنٹس پر ٹولیوں کی شکل میں تعینات کر دی جاتی ہے، شہری ،ملازمین ،طالب علم سبھی پیشی سے پریشان نظر آئے، پرائیوٹ کالج میں آنے والا طلباء چھٹی کا سن کر مایوس ہوکر لوٹ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پڑھائی کا حرج ہو رہا ہے،بینکوں کو لگے ہوئے تالے، دکانوں کے گرے ہوئے شٹر شہریوں کی بے بسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ عدالت میں پیشی سے ہونے والی اذیت سے بچایا جائے۔