ریلوے اراضی سے تجاوزات ہٹانے کے حکم پر شیخ رشید بے بس

November 24, 2018

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سپریم کورٹ کے ریلوے اراضی سے تجاوزات ہٹانے کے حکم پر بے بسی کا اظہار کردیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے مگر 5 سے 10 ہزار گھر گرانا میرے بس میں نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ریلوے کی زمین سے یہ ہزاروں گھر گرانے کےلئے کے ایم سی آگے آئے،ہم ان سے کہیں گے ریلوے ان کے ساتھ ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کو لوگوں نے مفت کا مال سمجھا ہوا ہے ،صرف سیاستدان کرپٹ نہیں قوم کا بڑا بہت بڑا حصہ بھی بے ایمان ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انگریزوں نے تحفے دیے جس سے ہم نے ناروا سلوک کیا،سابق وزیراعظم نواز شریف اورسابق صدر آصف زرداری نے ملک کو بری طرح نوچاہے ۔