پریانکا چوپڑا سے شادی کیلئے نک جونس بھارت پہنچ گئے

November 26, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.

بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

اگرچہ نک جونس اور پریانکا چوپڑا نے شادی کے لیے تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم رپورٹس ہیں کہ ان کی شادی کی تقریبات رواں ماہ 29 نومبر سے شروع ہوجائیں گی۔

اطلاعات ہیں کہ نک اور پریانکا کی شادی کی مرکزی تقریبات 2 اور 3 دسمبر کے درمیان بھارتی ریاست راجستھان میں ہوں گی، تاہم اس حوالے سے جوڑے نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کی شادی راجستھان کے دارالحکومت جودھپور کے تاریخی ہوٹل امید بھگوان پیلس میں ہو گی، جہاں دونوں کے خاندان کے افراد سمیت انتہائی قریبی دوست شامل ہوں گے۔

نک جونس اب بھارت پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگا۔

ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 26 سالہ امریکی گلوکار نک جونس 25 نومبر کی صبح ممبئی پہنچے، ان کے ساتھ پریانکا چوپڑا بھی تھیں۔دونوں کو انتہائی سخت سیکیورٹی اور خاموشی سے گھر جاتے ہوئے دیکھا گیا، انہوں نے میڈیا سے شادی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

ممبئی پہنچنے سے قبل دونوں نئی دہلی میں موجود تھے، جہاں نک جونس 2 روز قبل پہنچے تھے اور پریانکا چوپڑا نے ان کی بھارت آمد پر انہیں خوش آمدید کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ دونوں شادی کی رسومات کے لیے 29نومبر تک جودھپور روانہ ہوجائیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی طرح 2 شادیاں کریں گے۔