عمرہ معتمرین کی تعداد 10 لاکھ سے زائد رہی

November 27, 2018

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں کہا گیا ہے کہ عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک آنے والے معتمرین کی تعداد 10 لاکھ39 ہزار 560 رہی۔

سب سے زیادہ آنےوالوں میں پاکستانی معتمرین رہے جن کی تعداد 3 لاکھ59 ہزار رہی۔

سعودی خبررساں ایجنسی نے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ امسال عمرہ سیزن کا آغاز نصف محرم سے کر دیا گیا تھا۔

پہلی سہ ماہی 14 ربیع الاول تک کےلئے 13 لاکھ 18 ہزار 605 عمرہ ویزے مختلف ممالک کےلئے جاری کئے گئے ۔ سب سے زیادہ پاکستانی معتمرین کی رہی دوسرے نمبر پر انڈونیشیا اور تیسرے نمبر پر ہندوستان سے آنے والے معتمرین کی رہی۔ سب سے کم بنگلہ دیش کے معتمرین رہے جن کی تعداد 19 ہزار 675 رہی۔

اعداد وشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ فضائی راستے سے 9 لاکھ 56ہزار 359 جبکہ بری راستے سے 83 ہزار 166 اور بحری جہازوں کے ذریعے 35 معتمرین مملکت پہنچے۔

وزارت حج کی رپورٹ کے مطابق اس وقت 3 لاکھ 62 ہزار 225 معتمرین مملکت میں موجود ہیں جن میں سے 2 لاکھ 42 ہزار 335 مکہ مکرمہ اور ایک لاکھ19 ہزار 587 مدینہ منورہ میں مقیم ہیں ۔ عمرہ کی ادائیگی کے بعد 6 لاکھ 77 ہزار 335 اپنے ملکوں کو واپس جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ امسال عمرہ سیزن کا آغاز حج کے فوری بعد یکم محرم سے شروع ہو گیا تھا تاہم معتمرین کی آمد میں 15محرم کے بعد اضافہ ہوا۔

امسال معتمرین کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین نے فراہم کی جانے والی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین میں انتظامیہ کی جانب سے کافی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جن کی وجہ سے وہ اطمینان سے زیادہ وقت عبادت میں گزارتے ہیں۔

معتمرین نے حرمین ٹرین کے منصوبے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی وجہ سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین سفر کافی آسان ہو گیا ہے۔