مندی کی بڑی لہر،100انڈیکس مزید1002پوائنٹس کم ہوگیا

December 07, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمائے کے انخلاء کی وجہ سے مارکیٹ میں ایک بار پھر مندی کی بڑی لہر ،100انڈیکس 1002پوائنٹس کم ہو نے سے 39ہزار کی حد سے بھی نیچے آگیا ، فروخت کے دباو کی وجہ سےشیئرز کی خرید وفروخت میں اضافہ ،سرمایہ کاری کی مالیت 135ارب 70کروڑ روپے کم ہو گئی۔ جمعرات کو بھی مارکیٹ کا آغاز مندی سے ہوا ،اور دن بھر یہ رحجان برقرار نظر آیا ، فروخت کے دباو کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے شیئرز کے فروخت کو ترجیح دی اور مجموعی طور پر 18کروڑ 97لاکھ 63ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جو کہ گزشتہ روز کی نسبت 5کروڑ 16لاکھ 58ہزار شیئرز زیادہ تھا ،کاروباری حجم بڑھنے کی وجہ سے مارکیٹ کی ٹریڈنگ ویلیو بھی گزشتہ روز کی نسبت 2ارب 15کروڑ 5لاکھ روپے زیادہ رہی ،سرمائے کے انخلاء کی وجہ سے مارکیٹ سرمایہ کاری کی مالیت 135ارب 70کروڑ 64لاکھ روپے کم ہو گئی،جمعرات کو 100انڈیکس 1002.48پوائنٹس کی کمی سے 39303.11سے کم ہو کر 38300.63پوائنٹس پر آکر بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل 358کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا 80کے بھائو میں اضافہ، 262کے بھائو میں کمی جبکہ 16کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،مارکیٹ میں ٹرن اوور کے لحاظ سے ورلڈ ٹیلی کام کے شیئرز کی سب سے زیادہ خرید وفروخت ہو ئی اور اس کے شیئرز کا کاروباری حجم 2کروڑ 6لاکھ 70ہزار شیئرز رہا۔