جدید تعلیم و تربیت حاصل کرنے والے گریجویٹس قیمتی اثاثہ ہیں ،گورنر

December 08, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے مطابق تعلیم و تربیت حاصل کرنے والے گریجویٹس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ یہ بات انہوں نے بحریہ یونیورسٹی کے 15ویں جلسہ تقسیم اسناد سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گورنر سندھ نے کہاشوکت خانم ،ایدھی اورسیلانی ہمارے ملک میں اس لیئے کام کررہے ہیں کیونکہ ریاست سہولیات دینے میں ناکام ہوئی مگر اب ایماندار اور دیانتدار حکومت کا آغاز ہوا ہے اورآنے والا وقت پاکستان کا سنہری دور ہوگا۔ انہوں نے گریجویٹ کرنے والے طلباءو طالبات سے کہا کہ آپ سب کا نئے پاکستان میں کردار بہت اہم ہو گا۔اس موقع پر گورنرسندھ نے مختلف شعبوں سے بیچلر ماسٹرز پی ایچ ڈی کرنے والے 782 طلبہ میں اسناد تقسیم جبکہ اعلی کارکردگی دکھانے پر 32 طلبہ کو طلائی ا ور 26 طلبہ کو نقرئی تمغوں سے بھی نوازا گیا۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ جامعات کسی بھی ملک کی معاشی ترقی، قوم کی تعمیر اور لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اس ضمن میں بحریہ یونیورسٹی، پاکستان میں نوجوانوں گریجویٹس کی تیاری میں اہم قومی خدمت انجام دے رہی ہے ۔