بش سینئر کا وفادار کتا سوشل میڈیا پروائرل

December 09, 2018

امریکا کے اکتالیسویں صدرجارج ڈبلیوبش سینئر کا انتقال ہوا توپوری دنیا سے تعزیتی پیغامات کاسلسلہ جاری ہوا ایسے میں جوچیزسب سے زیادہ توجہ کا مرکزبنی وہ کچھ اورنہیں بلکہ چارج بش سینئرکے کتے کی اپنے مالک سے وفاداری تھی۔

ہیوسٹن میں امریکی پرچم میں لپیٹے سابق صدرکی میت کے تابوت کے قریب اداس بیٹھے کتے سیلی کی تصویرنے ہردیکھنے والا کا دل دکھی کردیا۔سوشل میڈیا پرسیلی ہیروبن گیا اورلوگوں نے سینئربش کی تعزیت کے ساتھ ساتھ سیلی کے لئے اچھے جذبات کا اظہاراورہمدردی کو بھی ضروری سمجھا۔

جارج بش سینئرکے کتے کی تصویراس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرمشن کمپلیٹ کے کیپشن کے ساتھ اپ لوڈ ہوئی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سب کوپیچھے چھوڑدیا۔

سیلی اصل میں ہے کون؟

جارج بش سینئرکا چہیتا کتے سیلی کے بارے میں عوام کی دلچسپی عروج پرہوئی تواس سے جڑی ہربات منظر عام پر آگئی۔

دوسال کا ’سیلی ‘خصوصی تربیت یافتہ کتا ہے جسے رواں سال بش سینئر کی اہلیہ باربرا بش کی وفات کے بعدبش سینئرکوکمپنی دینے اورسپورٹ کے لئے جون میں لایا گیا تھا۔جارج بش نے ٹوئٹ میں سیلی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیملی میں نئے ممبرکے اضافے کوخوش آمدید کہتے ہیں۔

سیلی کا نام دراصل ایک پائلٹ سیلی کے نام پررکھا گیا ہے جس نے2009ءمیں خرابی کا شکارطیارے کودریائے ہڈسن پرلینڈ کراکے شہرت پائی تھی۔

سابق امریکی صدراوربش سینئرکے بیٹے جارج بش کے انسٹاگرام پیغام کے مطابق سیلی اب والٹرریڈملٹری میڈیکل سینٹرجائیگا۔

بش کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا خاندان سیلی کو مس کرے گا لیکن یہ اطمینان بھی ہے کہ سیلی اپنے نئے گھرمیں بھی خوش رہے گا اورخوشیاں بکھیرے گا۔