امریکہ ہماری سرزمین پر فوجی اڈہ نہیں بنائے گا، قبرص کا روس کو جواب

December 10, 2018

نیکوسیا(این این آئی)قبرص نے روس کے اْس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی حکومت قبرص میں ایک فوجی اڈہ قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے قبرص حکومت نے کہا ہے کہ امریکہ ہماری سرزمین پر کوئی فوجی اڈاہ قائم نہیںکرے گا۔ماسکو نے رواں ہفتے کے آغاز پر خبردار کیا تھا کہ روس قبرص میں کسی بھی قسم کے امریکی عسکری وجود کا جواب دے گا اور اس کا نتیجہ قبرص میں عدم استحکام کی صورت میں سامنے آئے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قبرص کے وزیر خارجہ نیکوس خریستوڈولیڈیس نے کہاکہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف سے بات چیت میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے بیان پر احتجاج کیا ۔نیکوس نے کہا کہ انہوں نے روسی ترجمان کے بیان پر قبرص کی گہری تشویش کا اظہار کیا کیوں کہ یہ بیان حقائق پر مبنی نہیں تھا اور سفارتی معیار سے تجاوز کر گیا۔قبرص کے وزیر خارجہ نے باور کرایا کہ نیکوسیا اور روس کے درمیان شان دار تعلقات مگر قبرص کسی بھی دوسرے خود مختار ملک کی طرح اپنے مفاد کے حق میں فیصلے کرے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وہ آئندہ ماہ جنوری میں ماسکو کا دورہ کریں گے جہاں وہ سرگئی لاؤروف کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ادھر امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ امریکا اور قبرص نے نومبر میں ایک سمجھوتے پر اتفاق رائے کیا تھا جس کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان کئی امور میں دو طرفہ سکیورٹی تعاون کو گہرا بنایا جائے گا۔