قومی اسمبلی، قواعد میں ترمیم کی جائیگی، کارروائی کا آغاز قومی ترانہ سے ہوگا

December 10, 2018

اسلام آباد( طاہر خلیل) قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کے آغاز میں قومی ترانہ ہوا کرے گا، وزیر مملکت پارلیمانی امور آج قومی اسمبلی کے شروع ہونے والے اجلاس میں قواعد و ضوابط میں ترمیم منظوری کے لئے پیش کریں گے۔ ارکان اسمبلی کےلئے باضابطہ ایجنڈا جاری کردیاگیا۔ قومی اسمبلی کا آج سے شروع ہونے والا اجلاس خاصا گرما گرم ہونے کی توقع ہے۔ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو سپیکر کے جاری پروڈکشن آرڈر پر ایوان میں شرکت کے لئے لاہور جیل سے اسلام آباد لایا جائے گا۔ منسٹر ز انکلیو میں اپوزیشن لیڈر کی سرکاری رہائش گاہ کو سب جیل کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کےرواں اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ ہوگا۔ یہ معاملہ آج ہائوس بزنس کمیٹی کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔ پانچ ماہ سے قائمہ کمیٹیوں کی عدم موجودگی ایوان کے پارلیمانی بزنس کو بری طرح متاثر کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق حزب اختلاف کی دونوں جماعتوں، مسلم لیگ(ن) اور پی پی پی نے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو دینے سے مشروط پر اصرار جاری رکھا تو حکومت یکطرفہ طور پر اپنے نمائندوں پر مشتمل قائمہ کمیٹیاں قائم کرسکتی ہے۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق رولز میں ایسی کوئی پابندی نہیں کہ اپوزیشن کے بغیر قائمہ کمیٹیاں تشکیل نہیں پاسکتیں۔