روزنامہ جنگ کی ادبی خدمات

December 16, 2018

مصنّف:ڈاکٹر قمر عبّاس

صفحات: 704،قیمت: 1200 روپے

ناشر:پاکستان اسٹڈی سینٹر،جامعہ کراچی

روزنامہ جنگ محض ایک اخبار نہیں، بلکہ ایک پوری تاریخ ہے ، جس کی ابتدا دوسری عالم گیر جنگ کے زمانے میں دہلی میں ہوئی اور یوں اخبار کا نام’’جنگ‘‘ تجویز کیا گیا۔ تقسیم کے بعد اخبار کی کراچی سے ازسرِ نَو اشاعت ہوئی اور پھر ایک طویل سفر کا آغاز ہوا۔ ’’روزنامہ جنگ کی ادبی خدمات‘‘ ڈاکٹر قمر عبّاس کا پی ایچ ڈی کا مقالہ ہے، جسے پاکستان اسٹڈی سینٹر، جامعہ کراچی نے شایع کیا ہے۔ ڈاکٹر جعفر احمد کی زیرِ نگرانی قبل ازیں بھی بہت عُمدہ اور معیاری مقالے شایع ہوتے رہے ہیں۔ اس مختصر سی جگہ میں اتنے وقیع اور ضخیم تحقیقی مقالے پر گفتگو شاید ممکن نہیں، تاہم یہ بیان کرنا ضروری ہے کہ سات ابواب پر مشتمل مقالے میں ڈاکٹر قمر عبّاس نے روزنامہ جنگ کی ادبی خدمات کا نہ صرف بَھرپور احاطہ کیا ہے، بلکہ اخبار کی ادبی فروگز اشتوں کا کماحقہ جائزہ لے کر مقالے کے معیار کو اعتبار عطا کیا ہے۔ مقالے کا مطالعہ کرتے ہوئے یہ احساس ہوتا ہے کہ مصنّف نے انتہائی جاں فشانی کا ثبوت دیتے ہوئے اخبار کی لگ بھگ چونسٹھ برس(1947ء تا2011ء)پر مشتمل ادبی تاریخ کو مختلف عنوانات اور ذیلی عنوانات کے تحت بیان کر کے اخبار کی ادب کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو ایک تاریخی دستاویز کی شکل دے دی ہے۔ کتاب کے آخر میں شامل کیا جانے والا’’اشاریہ‘‘اگر کتاب کے صفحات کے تسلسل میں شمار کیا جاتا، تو بہتر ہوتا۔ کتاب انتہائی دیدہ زیب انداز میں شایع ہوئی ہے اور اُمید ہے کہ ادب سے ذوق و شوق رکھنے والے افراد اور خاص طور پر ادبی تحقیق سے وابستہ طلبہ اسے خاصی دِل چسپی سے پڑھیں گے۔