’حکومت کے کاموں سے برکت ختم ہوگئی ‘

December 10, 2018

مسلم لیگ ن کی رہنما ‎مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کا اصل مسئلہ جھوٹ بولنا ہے، جھوٹ کی وجہ سے حکومت کے کاموں سے برکت ختم ہوگئی ہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسحاق ڈار کے منی لانڈرنگ کے خلاف دستخط کئے ہوئے معاہدے وزیراعظم نے چوری کرکے اپنے بنالئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ معافی نہ مانگیں مگرشرمندہ تو ہوں، ‎چوری اورجھوٹ کی عادی نا اہل حکومت فیتےکاٹنے کے لئے ہمارے منصوبے بھی چوری کر رہی ہے۔

‎مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹ بولنے پر اللہ نے موجودہ حکومت کے کاموں سے برکت ختم کر دی ہے، منی لانڈرنگ کیخلاف اسحاق ڈار کے دستخط شدہ معاہدے وزیراعظم نے چوری کرکے اپنے بنا لئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ایم او یوز کی چوری ہوئی ہے ترقیاتی منصوبوں کی بھی ہوگی، جھوٹ کی عادی نا اہل حکومت فیتے کاٹنے کیلئے ہمارے منصوبے بھی چوری کر رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نااہل حکومت کو سیالکوٹ میں کارکردگی دکھانے کے لیے شہباز شریف کی تختی ہٹا کر عمران صاحب کی لگانی پڑی، یہ نااہل اور جھوٹی حکومت پاکستان مسلم لیگ ن کے منصوبوں کے افتتاح کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک اور عوام کی خدمت کرنا نصیب نصیب کی بات ہے، اس نااہل حکومت کے نصیب میں صرف جھوٹ بولنا ہے۔