پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کا معاملہ جلد حل ہوجائیگا، شفقت محمود

December 11, 2018

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کا معاملہ جلد حل ہوجائے گا، شہباز شریف کو نیب نے گرفتار کیا ہے جو حکومت کے ماتحت نہیں ہے، جنوبی پنجاب صوبہ بنانا آسان کام نہیں اس کیلئے قدم بہ قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر خان اور پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی شریک تھے۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ ن لیگ نیب قانون میں تبدیلی کرنے کیلئے تیار ہے۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ نیب قانون پر نظرثانی ہونی چاہئےپاکستان میں آزادیٴ اظہار پر پابندیاں نظر آرہی ہیں، سلیکٹڈ حکومت سے امید نہیں کہ آزادیٴ اظہار کو یقینی بنائے گی، پاکستان میں میڈیا اداروں کے پاس کہنے کی آزادی نہیں ہے، لائیو پروگرام میں کچھ چیزوں پر بات کریں تو بیچ میں بیپ آجائے گی، نیب واقعی خودمختار ہے تو صرف اپوزیشن کیخلاف کارروائیاں کیوں کررہا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ پیر کو کابینہ کے طویل اجلاس میں وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، ہم اپنے ایجنڈے کی طرف بڑھ رہے ہیں یا نہیں یہ دیکھنا بہت ضروری ہے،وزارت تعلیم ایجوکیشن پالیسی کا فریم ورک پیش کرچکی ہے، اسکول نہ جانے والے بچوں کیلئے اسلام آباد میں بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے، وزارت تعلیم آئندہ ہنر کی تعلیم کو ترجیح دے گی۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بیسک ایجوکیشن اسکولز کے اساتذہ کی تنخواہو ں کا مسئلہ اس ہفتے حل ہوجائے گا، یہ اساتذہ ریگولر نہیں تھے انہیں دس سال سے پراجیکٹ کے ذریعہ تنخواہ دی جارہی تھی، ان نان فارمل اساتذہ کو ریگولر کرنے کیلئے جامع پروگرام بنانا ہوگا۔