فیملی کورٹس کا ماحول، کمسن بچوں کے معصوم ذہنوں پر منفی اثرات

December 11, 2018

کراچی(محمد ندیم /اسٹاف رپورٹر) فیملی کورٹس کا ماحول کمسن بچوں کے معصوم ذہنوں پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔ فیملی کورٹس کو سٹی کورٹ سے علیحدہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ وہ فیملی کورٹس جہاں کمسن بچوں کی حوالگی کے مقدمات چل رہے ہیں انہیں سٹی کورٹ سے الگ کرکے منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ سٹی کورٹ میں سنگین جرائم میں ملوث ملزمان بھی لائے جاتے ہیں ۔ ان ملزمان کی موجودگی اور ایسے ماحول میں فیملی کورٹس کے کیسز سے متعلق بچوں کو ملاقات کے لیے لایا جاتا ہے۔ایسے ماحول میں کمسن بچوں کو لانے سے ان کے معصوم ذہن پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پبلک پراسیکوٹر شمیم احمد نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچے پہلے ہی والدین کے جھگڑے اور خلع کے مقدمات کی وجہ سے ذہنی تنائو کا شکار ہوتے ہیں اور اس طرح وہ بڑے ہو کر معاشرے کے لیے مفید اور کارآمد شہری نہیں بن سکتے۔