اسٹاک میں اتارچڑھائو کے بعد بڑی مندی 100انڈیکس میں 448پوائنٹس کی کمی

December 12, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں وزیر اعظم کی یقین دہانی کے بعد مارکیٹ میں تیزی کا سفر صرف ایک روز ہی برقرار رہ سکا ،فروخت کے دبائو کی وجہ منگل کو پھر بڑی مندی واقع ہوئی اور 100 انڈیکس میں 448پوائنٹس کی کمی ہوگئی ،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے 82ارب 42 کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے، کارو باری حجم گزشتہ روز کی نسبت 19.56فیصدکم جبکہ 67.97فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی برو کریج ہائوسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب توا نا ئی،کیمیکلز،سیمنٹ اوردیگرمنافع بخش سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کاآغاز مثبت زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 39338پوائنٹس کی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا تاہم ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کے دبائو کے باعث مقامی سرمایہ تذبذب کاشکار نظرآئے اوراپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں 100انڈیکس 38800کی سطح پر آگیا۔