چیف جسٹس تھر پہنچ گئے، آر او پلانٹ سے پانی پیا

December 12, 2018

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار ایک روزہ دورے پر تھر پارکر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے آر او پلانٹ کے دورے کے دوران وہاں سے پانی بھی پیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثارتھرکےایک روزہ دورے پر مائی بختاور ایئرپورٹ پہنچے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ حکام ان کے ہمراہ تھے۔

چیف جسٹس پاکستان کے دورے کے پیش نظر تھر اور ملحقہ علاقوں میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، مٹھی شہر، سول اسپتال اور دیگر مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو مصری شاہ آر او پلانٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی، چیف جسٹس نے آراو پلانٹ سے پانی بھی پیا۔

چیف جسٹس کو بتایا گیا کہ آر او پلانٹ میں 20 لاکھ گیلن روزانہ کی گنجائش ہے، یہ ایشیاء کا سب سے بڑا آر او پلانٹ ہے جو سولر انرجی سے چل رہا ہے۔

بریفنگ میں چیف جسٹس کو بتایا گیا کہ آر او پلانٹ ناصرف 50ہزار کی آبادی کو پانی فراہم کرتا ہے،بلکہ اس سے 2 لاکھ جانوروں کے لیے بھی ضروریات پوری کی جاتی ہے۔

آر او پلانٹ کے دورے کے بعد چیف جسٹس سول اسپتال مٹھی پہنچے اور وہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا۔

چیف جسٹس پاکستان تحصیل اسپتال اسلام کوٹ اور ایک گاؤں کا دورہ بھی کریں گے۔