کراچی کے4سروس اسٹیشنز پرچھاپے، 8 غیرقانونی کنکشنز منقطع

December 15, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) واٹربورڈ کے عملے نے کراچی کے4 سروس اسٹیشنز پر چھاپہ مار کر2 سے 4 انچ قطر کے 8غیرقانونی کنکشن منقطع کردیئے،سروس اسٹیشنز پرگھریلو کنکشنز کے ذریعے زیر زمین پانی کے نام پر پینے کا پانی بڑ ی مقدار میں غیرقانونی طورپر تجارتی مقاصدکیلئے استعمال کیا جارہا تھا،واٹربورڈ ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کررہا ہے ،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم متعدد سروس اسٹیشنز پر گاڑیوں،بسوں، ٹرکوں اور موٹر سائیکل کی دھلائی کیلئے سرکاری لائن سے لئے گئے کنکشنز کے ذریعے پینے کے پانی کے استعمال کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سروس اسٹیشنز کے مالکان و انتظامیہ کو متنبہ کیا تھا کہ وہ ازخود واٹربورڈ کی لائنوں سے لئے گئے غیرقانونی کنکشنز منقطع کردیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،انہوںنے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت کے باعث گاڑیوں ،بسوں موٹر سائیکلوں کی دھلائی کیلئے پینے کے میٹھے پانی کے استعمال کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی ،ایساکرنے والوں کیخلاف واٹربورڈ سخت قانونی کارروائی کرے گا۔