جنوبی اضلاع میں نرسنگ کالج اور پیرامیڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا معاہدہ

December 16, 2018

پشاور(نیوزڈیسک) جنوبی اضلاع میں نرسنگ کالج اور پیرامیڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے، معاہدے پر وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان ، سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ارشد جاوید نے دستخط کیے، معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا حکومت جنوبی اضلاع میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو کالج کے قیام کیلئے عمارت مہیا کرے گی جبکہ عملہ اور نصاب بنانے کی ذمہ داری خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی ہوگی۔ جنوبی اضلاع کے لیے نرسنگ کالج اور پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ میں مقامی لوگوں کیلئے خصوصی کوٹہ بھی رکھا جائیگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ نرسنگ کالج اور پیرامیڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا قیام صحت کے شعبے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی،انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے جنوبی اضلاع کے لوگوں کی محرومیوں کو دور کرنے کا آغازکردیاگیا ہے، ڈاکٹر ہشام کا کہنا تھا کہ کالج اور انسٹی ٹیو ٹ کے قیام سے جنوبی اضلا ع میں نوجوانوں کے کئی مسائل حل ہو جائیں گے اورمقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔