’پیپلز پارٹی کا بڑا لیڈر گرفتار ہونے والا ہے‘

December 16, 2018

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا بڑا لیڈر گرفتار ہونے والا ہے، انہیں سندھ کی بجائے پنجاب کی جیلوں میں رکھا جائے گا۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر مدھو گوٹھ میں سرکاری اسکول کی ناگفتہ بے حالت پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ ہم اسکول کو ماڈل اسکول بنانا چاہتے ہیں مگر ہمیں روک دیا گیا۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ اسکول پرنسپل اور وائس پرنسپل کو تبدیل کردیا گیا جس سے حکومت سندھ کی تعلیم دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گیارہ سالوں سے اقتدار میں رہنے والوں نے تعلیم صحت اور ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر تباہ کردیا ہے بجٹ کہاں جاتا ہے کوئی جواب دینے والا نہیں ہے۔

فردوس شمیم نے کہا کہ گرفتار رہنماؤں کے کمروں سے شہد اور زیتون برآمد ہوتا ہے دوسری جانب عوام کا تیل نکالا جا رہا ہے۔