حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ ٹرانسفر آرڈر ملنے پر مستعفی

December 17, 2018

مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی صاحبزادی ڈاکٹر اریبہ عباسی ٹرانسفر آرڈ ملنے پر بطور میڈیکل افسر مستعفی ہوگئیں، وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

ڈاکٹر اریبہ عباسی نے بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ طارق نیازی پر تحریک انصاف سے روابط رکھنے اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا ہے۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے طارق نیازی کو فون کال کی اور انہیں سمجھایا کہ ڈاکٹر اریبہ کا ٹرانسفر نہ کریں،سیاسی کیس بن جائے گا،پی ٹی آئی پر الزام آئے گا۔

بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے ایم ایس نے صوبائی وزیر کو انکار کردیا جس پر راجا بشارت برہم ہوگئے اور کہا کہ ڈاکٹر اریبہ کو ٹرانسفر واپس نہ لیا تو ایم ایس بھی اپنے عہدے پر نہیں رہیں گے۔

وزیر قانون پنجاب کی طارق نیازی کو کی گئی فون کال بھی منظر عام پر آئی،جس میں راجا بشارت ڈاکٹر اریبہ کو ایمرجنسی سے اسکن ڈیپارٹمنٹ نہ بھیجنے پر دھمکیاں دیں اور بولے کہ وہ نہیں چاہتے کہ حکمران جماعت پر سیاسی انتقام کا الزام لگے۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے اریبہ عباسی کے تبادلے،ایم ایس کو کئی گئی فون کال اور دیگر معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔

انہوں نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عمر کو رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔

ایک بیان میں یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ محکمانہ معاملات میں سیاسی عدم مداخلت تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسی ہے، قانون کی حکمرانی ہر صورت میں برقرار رکھی جائے گی۔

صوبائی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کا اسٹاف غیر ضروری سیاسی مداخلت پر آئندہ براہ راست انہیں رپورٹ کرے۔