’’فاطمہ ثنا شیخ‘‘ بالی ووڈ کی نئی کترینہ

December 30, 2018

’’ٹھگس آف ہندوستان ــ‘‘ کا بڑا چرچا تھا ،جس سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیں، لیکن اسے پائیریٹس آف دی کیریبیئن کا سستا چربہ قرار دے کر فلم بینوںنے رد کردیا۔ اس فلم سے عامر خان کو توقع تھی کہ یہ ہزار کروڑ کمائے گی لیکن اس کا عشر عشیر بھی انہیںحاصل نہیں ہوا۔ اس فلم میںفاطمہ ثنا شیخ نے زفیرا کا کردار نبھایا، جو ہنگرگیمز کی کیٹنس ایورڈین کا ہندوستانی ورژن معلوم ہوتاہے۔ اس فلم میںکترینہ کیف بھی ہیں، جو فلم کے آغاز سے ہی فاطمہ ثنا شیخ کے حوالے سے پریشان تھیںاور انہیںاس بات کا ڈرتھا کہ کہیں فلم میں فاطمہ اور عامر کی دوستی کی وجہ سے ان کو چھوٹے رول میں نہ شامل کردیا جائے۔

کترینہ سے موازنہ یا مماثلت

لوگ کہتے ہیں کہ دنگل گرل فاطمہ ثنا شیخ نے خوبصورتی میں کترینہ کو مات دے دی ہے۔ فاطمہ ثنا شیخ کو اداکارہ کترینہ کیف سے مشابہت کے باعث سوشل میڈیا صارفین نے بالی ووڈ کی نئی کترینہ کیف قرار دیا ہے۔ فلم دنگل میں گیتا پھوگٹ کا کردار ادا کرنے والی فاطمہ ثنا شیخ سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہیں اور اکثر اپنی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔حال ہی میں فاطمہ نے اپنے نئے فوٹوشوٹ کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں وہ بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف سے بے انتہا مماثلت کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ثنا تصویر دیکھنے کے بعد کچھ لوگوںنے اسے کترینہ کی ہم شکل جب کہ بعض نے انہیں کترینہ کیف سے زیادہ خوبصورت قرار دے دیا۔کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ انڈسٹری کی نئی کترینہ کیف آگئی ہے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ فاطمہ ثنا شیخ اپنی تصاویر کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہوں لیکن اس سے قبل یہ مقبولیت مثبت کے بجائے منفی تھی۔

ٹھگز آف ہندوستان

فلم ’’ٹھگز آف ہندوستان ‘‘ میں اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کو فاطمہ اپنی خوش قسمتی گردانتی ہیں۔ فاطمہ ثنا شیخ کہتی ہیں،’’ ٹھگز آف ہندوستان فلم میرے لئے بہت خاص ہے، میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے لیجنڈری امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا،فلم میں ان کے ساتھ کام کرنے کے لئے بہت پرجوش اورخوش تھی۔‘‘

مختصر بایو گرافی

فاطمہ ثنا شیخ کی پیدائش11جنوری 1992ء کو ممبئی، بھارت میں ایک ہندو برہمن والد ویپین شرما اور مسلمان ماں راج تبسم کے یہاں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم سینٹ زیوئر ہائی اسکول اور اعلیٰ تعلیم میٹھی بائی کالج ممبئی سے حاصل کی۔ فاطمہ شیخ کا فلمی کیریئر 1997ء میں چاچی 420 سے شروع ہوا، جس میں انہوں نے کمل ہاسن کے ساتھ کام کیا۔ فلم میں انہوں نے بھارتی کا کردار نبھایا تھا۔ عامر خان کی جانب سے بنائی گئی فلم دنگل میں انھوںنے گیتا پھوگٹ کا کردار نبھاکر عامر خان کے ساتھ کام کیا۔ اس فلم میںریسلر کی ٹریننگ حاصک کرنے کے لئے فاطمہ تین گھنٹے ریسلنگ کرتی تھیں۔ ان کے شیڈول میںبس ریسلنگ، کھانا کرنا، سونا ، جم کرنا ، ہریانوی زبان سیکھنا اور پھر سوجانا ہوتا تھا۔

فلموگرافی

چاچی 420کے بعد فاطمہ نے2001ء میں فلم ’’ون ٹو کا فور‘‘ میںشاہ رخ خان اور جوہی چائولہ کے ساتھ کام کیا۔ اس کے بعد دیگر فلموںجیسے بڑے دل والا، تہان(2008)، بٹو باس(2012)اور آکاش وانی (2013)میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ 2009ء میں فاطمہ نے ایک ٹی وی سیریل ’’ لیڈیز اسپیشل ‘‘ میں منفی کردار بھی ادا کیا تھا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انوراگ کشیپ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’لائف ان اے میٹر۔ٹو‘‘ کے لئے پہلے خبریں یہ تھیں کہ اس فلم میں تاپسی پنو کردار ادا کریں گی لیکن تاپسی اپنے مصروف شیڈول کے باعث فلم کا حصہ نہیں ہوں گی اور اب ان کی جگہ فاطمہ ثنا شیخ کے کام کرنے کی خبریںگردش میںہیں۔