اساتذہ کی تربیت کے لیے محکمہ تعلیم اور برٹش کونسل میں اتفاق

January 10, 2019

صوبہ سندھ کے تمام سرکاری اساتذہ کو برٹش کونسل سے ٹریننگ کروانے کے لیے محکمہ تعلیم اور برٹش کونسل میں اصولی اتفاق ہوگیا ہےجبکہ دونوں فریقین صوبے سے باہر اسکول کے بچوں کے لیے ووکیشنل اور تیکنیکی تربیت پر مبنی نان فارمل ایجوکیشن میں ملکر کام کرنے کے لیے رضامندہوگئے ہیں۔

اس حوالے سے آج برٹش کونسل کے سندھ و بلوچستان کے ڈائریکٹر مائیکل ہولگیٹ نے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ سے ملاقات کی۔ برٹش کونسل کے بیرونی امور کے سربراہ محمد علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے صوبے کی تعلیم سے متعلق ڈائریکٹر برٹش کونسل کے وفد کو اپنے وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سسٹم پر عوام کا اعتماد بحال کرانا ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج تھا اور انہوں نے اپنی اکلوتی بیٹی کو سرکاری اسکول میں داخل کرواکر عوام کے اعتماد کی بحالی کی طرف پہلا قدم اٹھایا۔ اب عوام کا مثبت ردعمل ملتا ہے اور انہیں بہت سارے پرامید پیغامات آتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامع تعلیمی پالیسی مرتب کررہے ہیں جس میں سول سوسائٹی کی رائے بھی شامل کررہے ہیں اور نان فارمل ایجوکیشن پر بھی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ اسکول سے باہر بچوں کو ووکیشنل اور تیکنیکی تربیت دلائی جائے۔

سردار شاہ نے کہا کہ اسکول سسٹم میں اسیسمنٹ کا نظام پہلی تا آٹھویں جماعت تک موجود ہی نہیں جس کے لیے ہم ضلعی اسیسمنٹ بورڈ تشکیل دیں گے۔ اس کے بعد اساتذہ کی ترقیاں بھی طلباء کی کارکردگی کے ساتھ مشروط کریں گے ۔ جس استاد نے تربیت حاصل نہیں کی ہوگی اس کی ترقی بھی نہیں ہوسکے گی۔

برٹش کونسل کے ڈائریکٹر مائیکل ہولگیٹ نے محکمہ تعلیم کے اساتذہ کی تربیت کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر وہ محکمے کے ساتھ نان فارمل ایجوکیشن میں بھی کام کریں۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اس ضمن میں محکمہ تعلیم کی طرف سے آر ایس یو کے چیف پروگرام منیجرآصف اکرام اور کنسلٹنٹ مہتاب بھٹی پر مشتمل دو رکنی کمیٹی برٹش کونسل کے ساتھ مزید معاملات طے کرتے ہوئے جلد ہی ورکنگ اجلاس کرکے معاہدات کو حتمی شکل دیں گے۔