کراچی، اسکول وینز کیخلاف کریک ڈاؤن، ڈرائیورز کی ہڑتال

January 10, 2019

کراچی میں سی این جی اورایل پی جی سلنڈر لگی ان فٹ اسکول وینز کےخلاف ٹریفک پولیس نے آپریشن شروع کر دیا ہے جس کے خلاف اسکول وین ڈرائیورزایسوسی ایشن نے آج ہڑتال کر رکھی ہے۔

کراچی میں ٹریفک پولیس نے ان فٹ وینز اور ناقص سلنڈرز لگی وینز کے خلاف چالان کیے، گاڑیاں ضبط کیں تو وین ڈرائیورز غصے میں آگئے اور انہوں نے آج بچوں کو اسکول ڈراپ کرنے سے انکار کر دیا۔

ڈرائیوز کا کہنا ہے کہ آج بچوں کو اسکول سے پک اینڈ ڈراپ نہیں کریں گےجبکہ لکی اسٹار سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

اسکول وین ڈرائیورزایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ڈرائیورز کو ہراساں اور پکڑ دھکڑ کررہی ہے،مہنگائی کے دور میں گاڑیاں پیٹرول پر نہیں چلاسکتے۔

دوسری جانب بچوں کے والدین پریشان ہیں کہ بچوں کو اسکول پہنچنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ، والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کو اسکول کون چھوڑے گا اور کون واپس گھر لائے گا ؟وہ دفتر جائیں یا یہ کام کریں ؟

واضح رہے شہر کے بیشتر اسکولوں میں وینزمعمول کے مطابق چل رہی ہیں ۔