رحیم یارخان گیس پائپ لائن دھماکا تخریب کاری نہیں

January 10, 2019

ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن کی 36انچ کی گیس پائپ لائن پھٹنے اور دھماکے سے آگ لگنے کا واقعہ تخریب کاری نہیں بلکہ گیس لائن پریشر اور لیکج کےباعث پھٹی۔

گیس پائپ لائن پھٹنے سے صنعتی شعبےسمیت کھاد اور بجلی کے کارخانوں کو گیس کی سپلائی بند ہوگئی ہے ۔

رحیم یارخان کے علاقے بھونگ میں دھماکے سے متاثر گیس پائپ لائن کی مرمت کاکام جاری ہے، سوئی ناردرن حکام کا کہنا ہے مرمت کا کام شام تک مکمل کرلیا جائے گا۔

گزشتہ روزرحیم یارخان میں رات گئے 36 انچ قطر کی زیر زمین گیس پائپ لائن میں دھماکا اور آگ لگنے کے باعث پنجاب کے کئی علاقوں میں گھریلو اور صنعتی صارفین کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ، سول ڈیفنس کےعملے اور فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں کی مدد سے 7 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔آگ سے گنے کی فصل اور باغات کو شدید نقصان پہنچا۔